ملک بھر میں تحریک دعوتِ فقر کی علاقائی جماعتوں نے یومِ تاسیس جوش و خروش سے منایا
ہارون آباد (علاقائی رپورٹر) تحریک دعوتِ فقر ہارون آباد نے 23 اکتوبر 2019 ء بروز بدھ تحریک دعوتِ فقر ہارون آباد کے دفتر میں تحریک ِ دعوتِ فقر کے یومِ تاسیس کے حوالے سے ایک محفل منعقد کی جس میں تمام پیر بھائیوں کو شرکت کی دعوت دی گئی۔ فوجی مظہر حسین سرپرست تحریک دعوتِ فقر ہارون نے ایک مختصر بیان حاضرین کے گوش گزار کیا جس میں انہوں نے تحریک دعوتِ فقر کے قیام کے مقاصد سے آگاہ کیا اور سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کا شکریہ ادا کیا جن کی بدولت اسم ِ اللہ ذات کی لازوال دولت اور عشقِ حقیقی کی بے مثال نعمت حاصل ہوئی۔
اٹک (علاقائی رپورٹر) 23 اکتوبر 2019ء بروز بدھ بعد از نمازِ مغرب یومِ تاسیس تحریک دعوتِ فقر کے حوالے سے تحریک دعوتِ فقر احمدال تحصیل پنڈی گھیب ضلع اٹک میں محفل منعقد کی گئی۔ مبشر الحسن سروری قادری نے تلاوتِ قرآن کا شرف حاصل کیا جس کے بعد کامران مقصود سروری قادری نے بارگاہِ رسالت میں ہدیۂ نعت پیش کیا۔ مبشر الحسن سروری قادری نے تحریک دعوتِ فقر کی کامیابی کے دس سالوں اور تحریک کے شعبہ جات کی کارکردگی کے بارے میں حاضرین کو آگاہ کیا۔ اس کے بعد انہوں نے حاضرین کو بھی تحریک دعوتِ فقر کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی تاکید کی جس پر تمام پیر بھائیوں نے استقامت کے ساتھ تحریک دعوتِ فقر کے کاموں میں حصہ لینے کا عزم کیا۔
جہلم (علاقائی رپورٹر) 23 اکتوبر 2019ء بروز بدھ بعد از نمازِ عصر تحریک دعوتِ فقر کے یومِ تاسیس کی مناسبت سے دفتر تحریک دعوتِ فقر جہلم میں محفل کا انعقاد کیا گیا۔ محفل کا آغاز محمد بلال سروری قادری نے تلاوتِ قرآن سے کیا۔ احمد علی، امیر حمزہ اور ابوبکر نے اپنی پُرسوز آواز میں نعتیہ کلام سے اہل ِ مجلس کے قلوب کو گرمایا۔ محمد ظفر اقبال سروری قادری نے تحریک دعوتِ فقر کے یومِ تاسیس کے موقع پر تمام حاضرین کو مبارک باد پیش کی اور تحریک دعوتِ فقر کی دس سالہ کاوشوں اور انتھک جدوجہد پر روشنی ڈالی۔ محفل میں شریک ساتھیوں کو پہلے سے بڑھ کر تحریک کے مشن کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کرنے کی تاکید کی۔ محفل کے اختتام پر دعا کی گئی اور کیک کاٹا گیا جس کے بعد حاضرین میں لنگر پاک تقسیم کیا گیا۔