سلطان العاشقین کا تبلیغی دورہ ضلع ننکانہ صاحب و تحصیل جڑانوالہ ضلع فیصل آباد
(رپورٹ: ملک محمد نعیم عباس کھوکھر سروری قادری۔ چیف ایگزیکٹو ماہنامہ سلطان الفقر لاہور)
اسمِ اللہ ذات کے ذکر وتصور اور سلطان الازکار ھُو کا فیض جو پہلے صرف خواص تک محدود تھا‘سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے اس فیض کو ہر کسی کے لیے عام فرما دیا ہے ۔ آپ مدظلہ الاقدس اس فیض کو عام کرنے کے لیے ملک کے طو ل و عرض میں سفر کر رہے ہیں اور لوگوں کو معرفتِ الٰہی کے نور سے منور فرما رہے ہیں۔ مریدین و محبین سلطان العاشقین ہر سال آپ مدظلہ الاقدس کی بارگاہِ اقدس میں اپنے علاقے میں آنے کی درخواست کرتے ہیں۔
تحریک دعوتِ فقر کی انتظامیہ نے ان درخو ا ستوں کو مدِ نظر رکھتے ہوئے مختلف دورے ترتیب دئیے جن میں ایک دورہ 18 جنوری 2019 بروز جمعتہ المبارک کو شروع ہوا۔ دورے میں لاہور سے کافی مریدین نے شرکت کرنے کی درخواست کی۔
مہرپور سیّد والہ ضلع ننکانہ صاحب میں آمد
سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی سرپرستی میں قافلہ صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب کے ہمراہ لاہور سے 12بجے ضلع ننکانہ کے گاؤں مہر پور سید والہ محمد رضوان سروری قادری کے گھر کی طرف روانہ ہوا۔ تین گھنٹے کی مسافت کے بعد قافلہ گاؤں میں داخل ہوا تو راستے کے دونوں جانب کھڑے لوگ پھولوں کی پتیاں نچھاور کرنے لگے۔ فضا نعرۂ تکبیر، نعرۂ رسالت، نعرۂ حیدری اور سلطان العاشقین زندہ باد سے گونج اُٹھی اور اہلِ علاقہ نے قافلے کا بھر پور استقبال کیا۔ میزبان محمد رضوان سروری قادری نے ہار پہنا کر سلطان العاشقین اور صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب کا پُرتپاک استقبال کیا۔ گاؤں کے میدان میں محفلِ میلاد کے لیے پنڈال سجایا گیا تھا جو مریدین، محبین اور دیدارِ سلطان العاشقین کے مشتاقین سے کھچا کھچ بھرا پڑا تھا۔ آپ مدظلہ الاقدس کے مسندِ صدارت پر تشریف فرما ہونے کے بعد محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے کیا گیا جس کی سعادت مولانا محمد اسلم اعوان سروری قادری نے حاصل کی۔ کلام میاں محمد بخش ؒ پیش کرنے کے لیے محمد ساجد سروری قادری کو اسٹیج پر بلایا گیا۔ اس خوبصورت کلام کو سن کر لوگ داد دئیے بغیر نہ رہ سکے۔ محفل کے دوران لوگ قطار بناکر آپ مدظلہ الاقدس سے ملاقات اور دست بوسی کا شرف حاصل کرتے رہے۔ محمد فاروق ضیا سروری قادری نے دعائے خیر کروائی۔ اختتامِ محفل پر لاتعداد لوگوں نے آپ مدظلہ الاقدس کے دست اقدس پر بیعت کی سعادت حاصل کی اور اسمِ اللہ ذات کی لازوال نعمت حاصل کی۔ بے شمار مرد و خواتین نے بغیر بیعت کے بھی ذکر حاصل کیا۔ بیعت ہونے والے مرد حضرات کو اسمِ اللہ ذات کا ذکر و تصور اور مشقِ مرقومِ وجودیہ کا طریقہ محمد مغیث افضل سروری قادری نے سمجھایا۔ اور بغیر بیعت کے ذکر حاصل کرنے والے مرد حضرات کو ذکر و تصور محمد ساجد سروری قادری نے سمجھایا۔ آخر میں تمام عقیدت مندوں میں لنگر شریف تقسیم کیا گیا اور اہلِ خانہ کی حضور مرشد کریم سے ملاقات کروائی گئی ۔
چک نمبر 378 گ ب حماندکے تحصیل جڑانوالہ میں محمد احسان سروری قادری کے گھر آمد اور استقبال
اس کے بعد قافلہ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس اور صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب کی سرپرستی میں ضلع فیصل آباد کی تحصیل جڑانوالہ کے گاؤں 378 گ ب حماند کے، محمد احسان سروری قادری کے گھر کی طرف روانہ ہو گیا ،378گ ب حماندکے میں جب قافلہ پہنچا تو پورا گاؤں مرشد کریم کے استقبال کے لیے راستے کے دونوں جانب پھول لیے کھڑا تھا۔ گاؤں کی دیواروں پر سلطان العاشقین کی آمد کے پوسٹر آویزاں تھے۔ اہلِ علاقہ سلطان العاشقین کے دیدار کے متمنی تھے اور خوشی سے سلطان العاشقین زندہ باد ، مجددِ دین سلطان العاشقین کے پُر جوش نعرے لگا رہے تھے ۔ محمد احسان سروری قادری نے چائے اور مٹھائی سے مہمانوں کی تواضع کی ۔ اہلِ علاقہ اور گردو نواح کے مردو خواتین نے بیعت اور بغیر بیعت کے اسمِ اللہ ذات کی عظیم نعمت حا صل کر کے معرفتِ الٰہی کے سفر کا آغاز کیا ۔ علاقائی مریدین اور اہلِ علاقہ نے یکے بعد دیگرے سلطان العا شقین سے ملاقات کا شرف حاصل کیا۔
چک نمبر 459 گ ب تحصیل جڑانوالہ میں محمد بابر سروری قادری کے گھر آمد اور استقبال
پھر یہ قافلہ محمد بابر سروری قادری کے گھر 459 گ ب بھولی دی جھوک تحصیل جڑانوالہ ضلع فیصل آباد کی طرف روانہ ہوا گیا ۔ محمد بابر سروری قادری کے گاؤں میں سلطان العا شقین مدظلہ الاقدس کا پھولوں کی پتیوں اور روح پرور نعروں سے پُرتپاک استقبال کیا گیا۔ گاؤں اور گردو نواح سے آنے والے عقیدت مندوں نے کثیر تعداد میں سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس سے ملاقات کی جن میں کثیر تعداد نے بیعت کے ساتھ اور بے شمار مرد و خواتین نے بغیر بیعت کے اسمِ اللہ ذات کی نعمت حاصل کی۔ حضور مرشد کریم سے مردو خواتین نے الگ الگ ملاقات فرمائی۔ مرد و خواتین نے آپ مدظلہ الاقدس کی بارگاہ میں اپنی درخواستیں پیش کیں۔ آپ مدظلہ الاقدس نے سب کی بات توجہ سے سنی اور ان سب کے لیے دعا فرمائی۔
چک نمبر 570 گ ب کندیاں تحصیل جڑانوالہ میں محمد ارشد رمضان سروری قادری کے گھر آمد اور استقبال:
محمد بابر سروری قادری کے اہلِ خانہ سے ملاقات کے بعد مرشد کریم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس اور صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب قافلے کے ہمراہ چک نمبر 570 گ ب کندیاں کی طرف روانہ ہوگئے جہاں پر محمد ارشد رمضان سروری قادری نے بڑے شوق اور جذبے سے مہمانوں کے لیے رات کے لنگرشریف اور قیام کا اہتمام کیا ہوا تھا ۔ قافلہ رات تقریباً 9 بجے 570گ ب کندیاں پہنچا تو محمد ارشد رمضان سروری قادری ،شعبہ دعوت کے ممبران اور مقامی افراد نے سلطان العاشقین زندہ باد، امامِ مبین سلطان العاشقین کے پُر جوش نعروں اور پھولوں سے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کا شاندار استقبال کیا۔سلطان ا لعاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے بڑی محبت سے سب سے ملاقات فرمائی۔ مہمانوں کی لنگر سے تواضع کی گئی ۔ تزکیۂ نفس اور قربِ الٰہی کے حصول کے لیے کثیر تعداد میں طالبانِ مولیٰ نے بیعت ا ور بغیر بیعت کے اسمِ اللہ ذات کی لا زوال نعمت حاصل کی۔ رات گئے تک ملاقات اور دیدار کرنے والوں کا تانتا بندھا رہا۔ رات کا قیام محمد ارشد رمضان سروری قادری کے گھر میں کیا گیا ۔ محمد ارشد رمضان سروری قادری کا اسی رات نکاح ہوا۔ صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب ، انتظامیہ اور شعبہ دعوت و تبلیغ نے نکاحِ مسنونہ میں شرکت کی۔
چک نمبر 569 گ ب عبداللہ خان تحصیل جڑانوالہ میں محمد شریف خان سروری قادری کے گھر آمد اور استقبال:
19 جنوری 2019ء بروز ہفتہ صبح ناشتہ اور اہلِ خانہ سے ملاقات کے بعد سلطان العاشقین قافلے کے ہمراہ چک نمبر 569گ ب عبداللہ خان روانہ ہوئے جو کہ زیادہ مسافت پر نہیں تھا۔ چک عبداللہ خان میں محمد شریف خان سروری قادری اور اہلِ علاقہ نے شعبہ دعوت کے ساتھ مل کرپرتپاک استقبال کیا اور مہمانوں کی سوجی کے حلوے اور چائے سے تواضع کی گئی۔
کثیر تعداد میں مردو خواتین نے بیعت کی سعادت حاصل کی اور لاتعداد عقیدتمندوں نے اپنی روحانی ترقی اور باطنی رہنمائی کے لیے بغیر بیعت کے اسمِ اللہ ذات کے ذکر کی پہلی منزل حاصل کی۔ حضور مرشد کریم مدظلہ الاقدس نے اہلِ خانہ کے لیے دُعائے خیر فرمائی۔
چک نمبر566 گ ب نامدار والہ تحصیل جڑانوالہ ملک محمد امیر سلطان سروری قادری کے گھر آمد اور استقبال:
محمد شریف خان سروری قادری کے گھر دعائے خیر کے بعد قافلہ 566 گ ب نامدار والہ ملک محمد امیر سلطان سروری قادری کے گھر کی طرف روانہ ہوا۔ چک نمبر 566گ ب نامدار والہ تحصیل جڑانوالہ ضلع فیصل آباد میں اہلِ علاقہ نے گُل پاشی اور پُر جوش نعروں سے آپ مدظلہ الاقدس کا والہانہ استقبال کیا ۔ ملک محمد امیر سلطان سروری قادری کے گھر میں محفلِ میلادِ مصطفی ؐ کا انعقاد کیا گیا آغازِ محفل تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت مولانا محمد اسلم اعوان سروری قادری نے حاصل کی ۔ اس کے بعد محمد فاروق ضیا سروری قادری نے ذکرو تصور اسمِ اللہ ذات کی اہمیت، بیعت کی ضرورت اور مرشد کامل اکمل نور الہدیٰ کی پہچان پر جامع بیان حاضرین کی سماعتوں کی نذر کیا۔ اس کے بعد ساجد علی سروری قادری نے سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی شان میں منقبت ’’اللہ کامظہر حق کا نظارہ مرشد ہمارا ‘‘ کا نذرانہ پیش کیا ۔ جس پر حاضرینِ محفل نے پُر جوش انداز میں تکبیرو رسالت کے نعروں سے محفل کی رونق دوبالا کر دی۔ محفل کے اختتام پر محمد فاروق ضیا سروری قادری نے دعائے خیر کروائی اور پھر طالبانِ مولیٰ نے بیعت اور بغیر بیعت کے اسمِ اللہ ذات کا فیض حاصل کیا۔ اور اپنا مقصدِ حیات جاننے کی راہ پرگامزن ہوئے ۔ ملک محمد امیر سلطان سروری قادری نے وسیع لنگر کا انتظام کیا ہوا تھا۔
حاضرین اور مہمان حضرات نے نمازِ ظہر مولانا محمد اسلم سروری قادری کی امامت میں ادا کی اور پھر حاضرین محفل کی تواضع لنگر شریف سے کی گئی۔ ملک محمد امیر سلطان سروری قادری اور ان کے اہلِ خانہ سے ملاقات اور دعائے خیر کے بعد قافلہ بچیانہ منڈی 656/7 گ ب عبدالمجید سروری قادری کے گھر کی طرف روانہ ہو گیا۔
چک نمبر656/7 گ ب بچیانہ منڈی تحصیل جڑانوالہ محمد عبدالمجید سروری قادری کے گھر آمد اور استقبال:
سلطان العاشقین حضرت حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس، صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب اور قافلے کے ہمراہ چک نمبر656/7 گ ب بچیانہ منڈی میں محمد عبدالمجید سروری قادری کے گھر پہنچے۔ قافلے پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور سلطان العاشقین زندہ باد، امامِ مبین سلطان العاشقین، نورِ یقین سلطان العاشقین، نعرہِ فقر تحریک دعوتِ فقر کے نعروں سے فضا گونج اُٹھی۔ عبد المجید سروری قادری نے چائے اور مٹھائی سے مہمانوں کی تواضع کی۔ اہلِ علاقہ مرشدِ کریم کے دیدار اور ملاقات کے لیے قطار در قطار عبد المجید سروری قادری کے گھر پہنچنے لگے۔ کثیر تعداد میں عقیدت مندوں نے آپ مدظلہ الاقدس سے بیعت کی درخواست کرتے ہوئے بیعت کی سعادت حاصل کی جنہیں اسمِ اللہ ذات کی نعمت سے نوازا گیا۔ کثیر تعداد میں مرد و خواتین نے بغیر بیعت کے اسمِ اللہ ذات کی نعمت حاصل کی۔ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور ان سب کے لیے دعائے خیرفرمائی۔
چک نمبر561 گ ب مرضی پورہ تحصیل جڑانوالہ میں محمد صدیق سروری قادری اور محمد رفیق سروری قادری کے گھر آمد اور استقبال:
561گ ب مرضی پورہ پہنچنے پر سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کا گلاب کی پتیوں اور نعروں سے بھر پور استقبال کیا گیا۔ راستے کے دونوں جانب قطاروں میں عقیدت مند پھول نچھاور کر رہے تھے اور پُر مسرت چہروں سے مرشد کریم کو خوش آمدید کہہ رہے تھے ۔ محمد صدیق سروری قادری اور محمد رفیق سروری قادری کے گھر میں پُراہتمام لنگر شریف کا انتظام تھا اور قافلے کے قیام کا بہترین انتظام کیا گیا تھا۔ رات گئے تک گاؤں اور گردو نواح کے عقیدتمند سلطان العاشقین سے ملاقات اور آپ مدظلہ الاقدس کا دیدارِ پُرانوار کرنے کے لیے محمد صدیق سروری قادری اور محمد رفیق سروری قادری کے گھر تشریف لاتے رہے اور اپنے قلوب کو دیدارِ سلطان العاشقین سے منور کرتے رہے۔ سلطان العاشقین نے طالبانِ مولیٰ کو بیعت فرمایا اور ان کے لیے دعائے خیر فرمائی۔ سینکڑوں عقیدتمندوں نے بغیر بیعت کے اسمِ اللہ ذات کا تصور اور ذکر حاصل کیا ۔ 20جنوری 2019 بروز اتوار صبح مہمانوں کو پُر تکلف ناشتہ کروایا گیا اور پھر اسی گاؤں میں رہائش پذیر محمد اشفاق سروری قادری اور محمد عاشق سروری قادری کی درخواست پر مرشد کریم ان کے گھروں میں تشریف لے گئے۔ خواتین نے طلع البدر علینا یک زبان پڑھ کر استقبال کیا اور مرشد کریم نے اہلِ خانہ کے لیے دعائے خیر فرمائی ۔ یہاں بھی خواتین و حضرات نے اسمِ اللہ ذات کی نعمت حاصل کی اور دیدارِ سلطان العاشقین سے اپنی آنکھوں اور قلوب کو منور کیا۔ مرضی پورہ سے قافلہ بچیانہ منڈی محسن رضا سلطانی کے گھر کی طرف روانہ ہوا۔
بچیانہ منڈی تحصیل جڑانوالہ میں محسن رضا سلطانی کے گھر آمد اور استقبال:
راستے میں عقیدتمند سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے دیدارِ پُر انوار کے لیے دست بستہ کھڑے تھے۔ محسن رضا سلطانی کے گھر جانے والی گلیو ں کو رنگ برنگی سجاوٹ کی اشیا سے سجایا گیا تھا۔ محسن رضا سلطانی نے مہمانوں کی تواضع چائے اور اُبلے ہوئے انڈوں سے کی اس دوران جوق در جوق محبین اور اہلِ علاقہ ملاقات کے لیے آتے رہے اور رہائش گاہ کے باہر مشتاقین کی قطاریں لگ گئیں ۔ مرشد کریم نے خوش نصیب خواتین و مرد حضرات کو الگ الگ بیعت کیا اور اسمِ اللہ ذات عطا فرمایا۔ کثیر تعداد نے تزکیہ نفس کے لیے بغیر بیعت کے اسمِ اللہ ذات حاصل کیا۔ پورا علاقہ آپ مدظلہ الاقدس کی آمد پر انتہائی خوش تھا اور ایک میلے کا سماں نظر آتا تھا۔ حضور مرشد کریم نے رخصت ہوتے وقت قطار میں موجود تمام عقیدتمندوں سے ملاقات کی اور توجہ اور محبت سے اِن لوگوں کی گذارشات سنیں۔
چک نمبر656/6 گ ب تحصیل جڑانوالہ میں تنویر رشید سروری قادری کے گھر آمد اور استقبال:
اسکے بعد قافلہ تنویر رشید سروری قادری کی رہائش گاہ 656/6 گ ب پہنچا اور یہاں بھی اہلِ علاقہ کا پرتپاک استقبال اور سلطان العاشقین کے لیے محبت اور خوشی کی انتہا دیکھ کر نگاہ دنگ رہ گئی۔ تنویر رشید سروری قادری نے محفل میلاد کا اہتمام کیا تھا۔ جس میں مولانا محمد اسلم اعوان سروری قادری نے تلاوت کے بعد اسمِ اللہ ذات کو حاصل کرنے کی ضرورت اور مرشد کامل اکمل کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ محسن رضا سلطانی نے نعت شریف ’’حضورؐ میری تو ساری بہار آپ سے ہے ‘‘ پڑھ کر اہلِ محفل کے دلوں کو گرما دیا۔ محمد ساجد سروری قادری نے ابیاتِ باھوؒ خوبصورتی سے پیش کیے تو حاضرین منہمک ہو کر سنتے رہے۔ مولانا محمد اسلم اعوان سروری قادری نے دعائے خیر کروائی اسکے بعد طالبانِ مولیٰ مردو خواتین نے حضور مرشد کریم سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے دستِ اقدس پر بیعت کر کے اسمِ اللہ ذات کی نعمت حاصل کی اور دیگر عقیدتمندوں نے پہلے ذکر کے ساتھ اسمِ اللہ ذات حاصل کیا ۔ اسکے بعد لنگر شریف کا اہتمام کیا گیا اور پھر قافلہ سلطان العاشقین کی زیرِ سرپرستی صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب کے ہمراہ لاہور کی جانب روانہ ہوا ۔ ضلع فیصل آباد کی علاقائی تنظیموں کے عہدیداران اور میزبان حضرات نے ضلع کی خارجی حدود تک نعروں کی گونج میں قافلے کو خیرباد کہا اور اس طرح سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس اسمِ اللہ ذات کے فیوض و برکات تقسیم کر کے لاہور سلطان العاشقین ہاؤس شام 5بجے پہنچے اور تمام اہلِ قافلہ نے آپ مدظلہ الاقدس سے مصافحہ کیااور انکا شکریہ ادا کیا ۔