صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب کی رسمِ نکاح
صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب کی رسمِ نکاح
لاہور (پریس ریلیز) 6 دسمبر 2019 بروز جمعتہ المبارک نائب سرپرست تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب کے نکاح کی رسم جوہر ٹاؤن میں منعقد ہوئی۔ سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس بعد نماز عشاء صاحبزادہ صاحب، اہل خانہ، اپنے خلفاء محمد عبداللہ اقبال سروری قادری اور ناصر حمید سروری قادری ، ارکان انتظامیہ کمیٹی تحریک دعوتِ فقر اور مجلس ِشوریٰ کے دیگر اہم ممبران کے ہمراہ رسم ِنکاح کے لئے سلطان العاشقین ہاؤس مصطفی ٹاؤن وحدت روڈ لاہور سے جوہر ٹاؤن لاہور کی جانب روانہ ہوئے۔
جوہر ٹاؤن پہنچنے پر آپ مدظلہ الاقدس کے خلیفہ اور منتظم ِاعلیٰ تحریک دعوتِ فقر محمد نعیم عباس سروری قادری نے آپ مدظلہ الاقدس اور ساتھیوں کا پُرتپاک استقبال کیا۔ آپ مدظلہ الاقدس کے خلیفہ ڈاکٹر حسنین محبوب سروری قادری نے صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب کو ہار پہنا کر خوش آمدید کہا۔ استقبال کرنے والوں میں ملک ظہیر عباس کھوکھر ، ملک کرامت علی، عامر یحییٰ سروری قادری اور دیگر میزبان بھی ہمراہ تھے۔ رسمی فوٹوگرافی کے بعد آپ مدظلہ الاقدس کے حکم کے مطابق نکاح کی رسم کا آغاز ہوا جس کی سعادت مولانا محمد اسلم سروری قادری نے حاصل کی، نکاح کا خطبہ پڑھا اور دعائے خیر کروائی۔ اس کے بعد تمام ساتھیوں نے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس اور صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب کو مبارکباد پیش کی۔ آپ مدظلہ الاقدس نے اپنے دست ِاقدس سے محمد نعیم عباس سروری قادری اور ملک ظہیر عباس صاحب کو مٹھائی بھی کھلائی۔ مہمانوں میں بھی مٹھائی تقسیم کی گئی۔ خوشی کا سماں سا بندھ گیا۔ نئے جوڑے کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔ مہمانانِ گرامی کے لئے پُرتکلف ضیافت کا بھی اہتمام تھا۔ اس کے بعد میزبانوں سے الوداعی ملاقات کر کے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس صاحبزادہ صاحب اور اپنے قریبی ساتھیوں کے ہمراہ سلطان العاشقین ہاؤس کی طرف روانہ ہو گئے۔